اُس ایک نام کی حُرمت پہ بے شمار درُود
وہ ایک نام جو رحمت بنا سبھی کے لئے
خدا گواہ خدا کی کتاب کی صُورت
حیاتِ پاک نمونہ ہے زندگی کے لئے
قدم اُٹھے تو زمان و مکاں تھے زیرِ قدم
یہ اہتمام ہوا ہے کبھی کسی کے لئے؟
بشر کی فکر کا خیر البشرؐ کی سمت سفر
یہ رابطہ بھی سعادت ہے آدمی کے لئے
جراحتوں کے عوض ہاتھ اُٹھے دعاؤں کو
کلیجہ چاہئے دشمن سے دوستی کے لئے
مرے مزاج پہ بھاری ہے اب غزل کا مزاج
کھُلے زباں تو کھُلے مدحتِ نبیؐ کے لئے
غلامِ شاؐہِ مدینہ کہیں گے لوگ مُجھے
گدائی ہے اسی شانِ خسروی کے لئے
شاعر کا نام :- حنیف اسعدی
کتاب کا نام :- ذکرِ خیر الانام